نئی دہلی ،20؍اگست (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) بحریہ کے ایک سینئر افسر نے آج کہا کہ کیرالہ میں صورتحال میں بہتری آرہی ہے اور ریسکیو آپریشن تقریبا مکمل ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب امداد اور بحالی کی سمت میں کوششیں تیز کی جا رہی ہیں ۔کیرل میں مانسون کے دوران واقع ہوئی شدید بارش کی وجہ سے سیلاب میں اب تک 210 لوگوں کی جان گئی ہے۔ اس کی وجہ 7.14 لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔
بحریہ کے فلیگ آفیسر کمانڈنگ ان چیف وائس ایڈمرل گریش لوتھرا نے صحافیوں کو بتایا کہ جہاں تک بحریہ کا سوال ہے تو ہم نے گزشتہ چار پانچ دنوں میں خاص طور پر حتی الامکان کوشش کی ہے ۔ اب ہم ریلیف فراہم کرنے اور اس کے بعد بازآبادکاری کی سمت بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بچاؤکا ابتدائی کام تقریبا مکمل کر لیا گیا ہے۔اگرچہ مختلف علاقوں میں کچھ لوگ پھنسے ہوئے ہو سکتے ہیں۔ ہم انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے ان تک پہنچیں گے۔
وائس ایڈمرل لوتھرا نے کہا کہ کیرالہ میں قریب دو ہفتے پہلے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا اور بارش کے رفتار شدید کے ساتھ مہم میں بھی تیزی لائی گئی۔انہوں نے کہا کہ دہلی سے پورے مہم کی قیادت ہورہی ہے۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ گروپ کی طرف سے سیکورٹی فورسز کو منظم کیا جا رہا ہے۔لوتھرا نے کہا کہ تمام مرکزی اور ریاستی ایجنسیوں، غیر سرکاری تنظیموں اور عوام کے تعاون سے حالات جلد ہی کنٹرول میں آ جائیں گے ۔